۵ آذر ۱۴۰۳ |۲۳ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 25, 2024
گستاخانہ خاکوں کیخلاف لاہور میں مجلس وحدت مسلمین کی احتجاجی ریلی

حوزہ/ ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مولانا امجد علی عابدی نے کہا کہ قرآن اور رسول(ص) کے تقدس کو جس طرح پامال کیا گیا، اس سے سب مسلمانوں کے دل کو تکلیف ہوئی ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،مجلس وحدت مسلمین لاہور کے زہراہتمام شیعہ جامع مسجد حیدر روڈ اسلامپورہ میں سویڈن اور فرانس میں ہونیوالے گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے اعلان کے افسوسناک واقعے پر احتجاج کیا گیا۔

ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مولانا امجد علی عابدی نے کہا کہ قرآن اور رسول(ص) کے تقدس کو جس طرح پامال کیا گیا، اس سے سب مسلمانوں کے دل کو تکلیف ہوئی ہے۔ انہوں نے فرانس اور سویڈن کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ہماری زندگیوں میں ہم سے زیادہ حق ان کا ہے لہذا کلمہ گو خاص کر مسلمان اس واقعے پر اپنا کردار ادا کرے۔

اخلاق جعفری اور عاصم شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اُمت مسلمہ میں اس واقعے سے ایک غم و غصہ کی لہر پائی جا رہی ہے، آج پورے پاکستان میں علامہ راجہ ناصر عباس کی آواز پر اُمت مسلمہ سراپا احتجاج ہے۔

انہوں نے کہا کہ فرانس اور سویڈن کی حکومتوں سے بحیثیت مسلمان ہم تقاضا کرتے ہیں کہ بتایا جائے کیا سویڈن اور فرانس کے آئین میں مسلمانوں کی دل آزاری کرنا لکھا ہوا ہے اور اگر نہیں تو واقعے میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے تاکہ آئندہ کسی کی ہمت نہ ہو وہ یہ کام کر سکیں۔

مقررین نے حکومت پاکستان سے بھی مطالبہ کیا کہ حکومت سفارتی سطح پر احتجاج ریکارڈ کروائے اور فرانس و سویڈین کو ایسے متنازع مواد کی اشاعت سے روکا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حرمت انبیاء کے لئے اقوام متحدہ میں قانون سازی کروائی جائے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .